عمران خان نڈر اور دیانتدار لیڈر ،ہر سازش ناکام ہو گی، تیمور اسلم 

 عمران خان ایک نڈر،دیانتدار،ایماندار اور بے خوف لیڈر ہے اور جس نے  ہمیشہ اپنی نیک نیتی اور بہترین حکمت عملی سے بحرانوں کا مقابلہ کیا ہے

اٹک(نمائندہ اٹک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اور سابق منتخب سینئر نائب صدر شمالی پنجاب تیمور اسلم نے کہا کہ عمران خان ایک نڈر،دیانتدار،ایماندار اور بے خوف لیڈر ہے اور جس نے  ہمیشہ اپنی نیک نیتی اور بہترین حکمت عملی سے بحرانوں کا مقابلہ کیا ہے اور اللہ تعالی نے ہمیشہ اس کو باطل کے آگے سرخرو کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا آج کل اسلام آباد میں علی بابا چالیس چور اکھٹے ہو کر مدرسوں کے طالب علموں کو مذہبی اور جذباتی طور پر استعمال کرتے ہوئے ساتھ لے آئے ہیں اور مذہب فروش ملک دشمن اور کئی دہائیوں سے کشمیر پر منہ بند کئے بیٹھے اب محب وطن عمران خان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،میرا ان کو پیغام ہے کہ دودھ پیتے مجنوں اور حلوہ کھانے والوں کی دکانیں بند ہو چکیی اور اللہ تعالی اپنے حبیب کے صدقے عمران خان کا شملہ اونچا رکھے گا اور ملک دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے والے ذلیل و رسوا ہونگے۔

 

اٹک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے کے پیچھے بھارت اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ ہے جو عمران خان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں دوبارہ زندہ کرنے پر پریشان ہیں اور ہماری صفوں میں موجود میرجعفروں کے ساتھ مل کر اسلام،پاکستان اور مسلمان قوم کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں لیکن امت مسلمہ کے عظیم لیڈر عمران خان کے ہوتے ہوئے وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اس ملک کے دفاع کی ضامن ہے اور فوج کے خلاف بات کرنے والے بھارت کے دوست اور اس ملک کے غدار ہیں اور اگر انہوں نے فوج کو اپنی سازشوں سے سیاست میں گھسیٹ کر اس کو کمزور کرنے کی کوشش کی تو 22 کروڑ عوام اپنی فوج کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گی اور اس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔