جشن عید میلادالنبیؐ، پولیس مکمل فول پروف سیکیورٹی فراہم کریگی، ڈی ایس پی اٹک

تھانہ اٹک سٹی کے کانفرنس روم میں ضلع اٹک کی سیرت کمیٹیوں کے منتظمین اور مختلف مسالک کے علمائے کرام کے مشترکہ اجلاس
اٹک:جشن عیدمیلادالنبی ؐکے جلوسوں اور تقریبات کو اٹک پولیس مکمل فول پروف سیکورٹی فراہم کرے گی تاہم قانون کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔
ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی اٹک راجہ فیاض الحق نعیم نے تھانہ اٹک سٹی کے کانفرنس روم میں ضلع اٹک کی سیرت کمیٹیوں کے منتظمین اور مختلف مسالک کے علمائے کرام کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں تھانہ سٹی اٹک اور تھانہ صدر اٹک کے ایس ایچ او حاجی گل فراز ، سید عابدشاہ ، انچارج پولیس چوکی سٹی اٹک سب انسپکٹر کرم داد ، سرپرست اعلیٰ جے یو آئی مولانا شیر زمان ، ڈسٹرکٹ خطیب علامہ غلام محمد صدیقی ، نگران اعلیٰ مرکزی سیرت کمیٹی رجسٹرڈ اٹک حاجی محمد الیاس ، نائب نگران اعلیٰ راشد الرحمان خان ، جنرل سیکرٹری ندیم رضا خان ، سینئر نائب صدر چیئرمین نعت کونسل ڈاکٹر عرفان احمد قادری ، صدریوتھ سیرت حافظ نصرت علی خان ، مولانا سفیر احمد ، سیرت کمیٹیوں کے عہدیداران کے علاوہ اسپیشل برانچ ، سیکورٹی برانچ ، سی ٹی ڈی اور دیگر خفیہ اداروں کے ملازمین بھی موجود تھے۔
اجلاس میں روایتی مذہبی ہم آہنگی ، رواداری ، بھائی چارے کی فضا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی سابقہ روایات کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا نائب نگران اعلیٰ مرکزی سیرت کمیٹی راشد الرحمان خان نے بتایا کہ صدر سرکل میں 70 سے زائد جلوس ، محافل میلاد النبیؐکی تقریبات منعقد ہوں گی بارہ ربیع الاوّل کا مرکزی 56 واں سالانہ جلوس 10 نومبر کو نکالا جائے گا جس میں 150 سے زائد میلاد پارٹیاں شرکت کریں گی درجنوں مقدمات پر سٹیج سجائے جائیں گے اور درجنوں مقامات پر لنگر اور سبیلیں لگائی جائیں گی ۔
