دکانداروائٹ بورڈپر نرخ آویزاں کرنے کے پابند ہیں، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اٹک

ڈپٹی کمشنر اٹک

اگر مجوزہ معیاری سائز کے بورڈز آویزاں نہ کیے گئے تو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی 

اٹک :ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اٹک رابعہ نسیم کی حکومت پنجاب اورڈی جی انڈسٹریز کی خصوصی ہدایت کے مطابق عوام الناس کی سہولت کے لیے مقرر کردہ نرخ کے مطابق اشیاء خوردو نوش کی فراہمی کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔ 

ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز وا سپیشل مجسٹریٹ درجہ اوّل رابعہ نسیم نے میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو مقررہ نرخوں پراشیا ء خوردو نو ش کی فراہمی کے سلسلہ میں وزیر صنعت میاں اسلم اقبال او ر ڈی جی انڈسٹریز پنجاب کے احکامات کی تکمیل کر تے ہوئے تمام دوکاندار اپنی کریانہ گوشت اور پھل و سبزی کی دوکا نوں پر مجوزہ سائز کے وائٹ بورڈ(white board) پر مقرر کردہ نرخ کو روزمرہ کی بنیاد پر رقم کر کے آویزاں کرنے کے پابند ہیں۔

 

 اگر مجوزہ معیاری سائز کے بورڈز آویزاں نہ کیے گئے تو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ مہنگائی کے خلاف تمام متعلقہ قوانین کے مطابق کاروائی نہ صرف عوام کے لیے ریلیف کا سبب ہے بلکہ متعلقہ قانون شکن عناصر کے لیے ایک تنبیہ بھی ہے۔

 

 سپیشل مجسٹریٹ رابعہ نسیم کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے اس حوالہ سے ایک اجلاس بھی منعقد کیا ہے اور واضح ہدایت جاری کی ہے کہ نرخ نامہ جات کو آویزاں نہ کرنے اور ناجائز منافع خورکسی رعایت کے مستحق نہیں،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اٹک نے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہر اور گردونواح کے تمام دوکانداروں کو مجوزہ سائز کے بورڈز آویزاں کرنے کے لیے فیلڈ میں دورے شروع کر دیئے ہیں۔ عوام مہنگائی سے متعلق اپنی شکایت قیمت پنجاب اپلیکیشن پر آن لائن یا نمبر02345۔ 0800 پر درج کروا سکتی ہے جس پر کاروائی عمل میں لا کر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا