عید میلادالنبیؐ ، جنڈ شہر میں اتحاد و یگانگت کے ساتھ مختلف جلوس و ریلیاں

جنڈ شہر کا مرکزی جلوس مرکزی جامع مسجد محلہ لنگر خانہ سے قاری کرم الٰہی ، قاری ابرار حسین قادری اور ملک محبوب کی قیادت میں نکالا گیا
سیکورٹی کے فرائض ایس ایچ او جنڈ نیاز احمد کی سربراہی میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے سر انجام دئیے
جنڈ (ظفر اقبال سے) نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کے جشن ولادت کے موقع پر جنڈ شہر میں اتحاد و یگانگت کے ساتھ مختلف جلوس و ریلیاں نکالی گئیں ۔ جنڈ شہر کا مرکزی جلوس مرکزی جامع مسجد محلہ لنگر خانہ سے قاری کرم الٰہی ، قاری ابرار حسین قادری اور ملک محبوب کی قیادت میں نکالا گیا ۔
قبل ازیں جامعہ جعفریہ جنڈ سے مولانا سعید احمد ہمدانی ،اور مولانا لیاقت علی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو محلہ لنگر خانہ میں مرکزی جلوس میں شامل ہو گئی ، مسجد علی المرتضی سے نکالا جانے والا جلوس بھی مرکزی جلوس کا حصہ بنا جلوس کی کی سیکورٹی کے فرائض ایس ایچ او نیاز احمد کی سربراہی میں بہتر سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے سر انجام دئیے ۔
جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حاجی بازار جنڈ کے سٹیج پر پہنچا جہاں پر قاری کرم الہی نے جلوس کے شرکاءسے خطاب کیا اور سیرت محمد ﷺ پر روشنی ڈالی ۔محلہ فاروقیہ انجمن عاشقان مصطفیٰ ﷺکی زیر انتظام قاری رضا ۔قاری کامران اور قاری ضیاءالحق کی قیادت مین نکالا جانے والا جلوس بھی اس دوران مرکزی جلوس میں شامل ہوا ذکر مصطفیﷺ کا ذکر کرتے ہوئے جلو س محلہ غوثیہ جنڈ کے سٹیج پر پہنچا جہاں پر علامہ عمرحیات نقشبندی خطیب اعظم راولپنڈی نے جشن ولادت مصطفٰی ﷺ کے سلسلے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔مسجد چن چراغ سے قاری غلام فرید قادری ،قاری فاضل چشتی ودیگر کی قیادت میں نکالا جانے والا جلوس پرانا بازار ۔ریلوے روڈ ، کوہاٹ روڈ سے ہوتا ہوا محلہ غوثیہ میں مرکزی جلوس میں شامل ہوا ۔مرکزی جلوس اپنے اگلے پڑاؤ خمینی چوک پہنچا جہا ں پر پیر سعادت علی شاہ چورہ شریف نے خطاب کیا اور خاتم النبین ﷺکی شان بیان کی ۔
جلوس میں سیاسی و سماجی شخصیات سابق چیئرمین ایم سی جنڈ حاجی عبدالستار نیازی ۔ ملک آصف بڈھیال۔ملک نوید حسین ۔پیر احسن شاہ گیلانی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بھر پور شرکت کی جلوس مکھڈ روڈ ۔ پرانا بازار سے ہوتا ہوا واپس محلہ لنگر خانہ میں پر امن طور پر اختتام پذیر ہوا اور شرکاءمیں عرس تقسیم کیا گیا ۔
