سائلین کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی،شہزاد ندیم بخاری

منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کےخلاف پولیس بھر پور انداز میں مہم چلائے اور معاشرے کو ایسے نا سوروں سے پاک کیا جائے، ڈی پی او اٹک
حسن ابدال:پولیس عوام کی جان و مال کی محافظ ہے۔تھانوں میں آنے والے سائلین کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کےخلاف پولیس بھر پور انداز میں مہم چلائے اور معاشرے کو ایسے نا سوروں سے پاک کیا جائے۔عوام بھی ایسے عناصر کی نشاندہی کرے تا کہ ان کی آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے میونسپل کمیٹی حسن ابدال میں عوامی شکایات سننے کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ اے ایس پی عمارہ شیرازی اور ایس ایچ اووز و دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ کھلی کچہری میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اوراپنے مسائل کے حوالے سے ڈی پی او اٹک کو آگاہ کیا جس پر ان کی جانب سے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تمام تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کو موقع پر ہی حل کرتے ہوئے انہیں ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا جا چکا ہے اور منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام اورپولیس مل کر ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔عوام بھی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ایسے عناصر کی نشاندہی کریں ۔انہوں نے کہا کہ آنکھیں بند کرنے سے برائی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے اور برائی کی یہ آگ ہر گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی کہ تھانوں میں آ نے والے سائلین کے ساتھ بہتر انداز میں گفتگو کی جائے اور انہیں تحفظ کا احساس دیا جائے تا کہ فرینڈلی پولیسنگ کے ذریعے عوام اور پولیس کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلوں کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی کھلی کچہری کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔
