غیر جانبدار الیکشن ہوں تو حکومت پھر ن لیگ کی ہی بنے گی ، شیخ آفتاب احمد

اٹک، سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں

 لوگوں میں قوت برداشت ختم ہو چکی ہے ،لوگ مہنگائی کے طوفان میں ڈوب گئے ہیں اب ان کی نظریں شریف خاندان کی طرف لگ گئی ہیں، سابق وفاقی وزیر

اٹک :قائم مقام صدر مسلم لیگ ( ن ) و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ عمران نیازی کی بوکھلاہٹ یہ ظاہر کر رہی ہے کہ محمد نواز شریف ان کے اعصاب پر سوار ہیں اور وہ نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو کر سرکاری بورڈ اور اپنے وزراء کی رپورٹس کے باوجود محمد نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑا کر اپنے دل کو تسلی دینے کی کوشش رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں اپنی رہائش گاہ سے متصل ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر محمد سلیم شہزاد ، تحصیل صدر میاں شاہنواز شانی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ شیخ عواد صفدر ، شیخ حامد قدوس ، سرپرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان ، جوائنٹ سیکرٹری شیخ بابر قیوم اور دیگر موجود تھے انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے ظرف کی بات ہے جب عمران نیازی کنٹینر سے گرے تو محمد نواز شریف نے فوری طور پر ہسپتال جا کر عیادت کی اور تین روز کے لئے الیکشن مہم معطل کر دی تھی آج جب وہ بیمار ہیں تو عمران نیازی مذاق اڑا کر اپنا ظرف دیکھا رہے ہیں حکمرانوں کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ اگر آج بھی ملک میں غیر جانبدار الیکشن ہوں تو حکومت پھر محمد نواز شریف کی ہی بنے گی اسی پریشانی نے حکومت کو محمد نواز شریف فوبیا میں مبتلا کیا ہوا ہے کسی کی بیماری کا تمسخر اڑانا انتہائی غیر اخلاقی حرکت ہے اور افسوس کا مقام ہے کہ یہ حرکت ملک کا حکمران کر رہا ہے اس وقت ملک کے معاشی حالات اس قدر بدتر ہو چکے ہیں کہ ہر طبقہ پریشان ہے ایسے سنگین حالات میں بھی حکمرانوں کی سوچ کا مرکز اپوزیشن کے خلاف سازشیں ہیں جس کابینہ کو عام آدمی کے حالات کا علم نہیں تو وہ ان میں بہتری کے لئے کیا اقدامات کریں گے

 

جہاں پر ٹماٹر اور مٹر کی قیمتوں کے بارے میں وزراء بات کریں تو عوام ورطہ حیرت میں مبتلا ہو جاتے اور سوچنے پر مجبور ہو جاتے کہ یہ کس ملک کے وزیر ہیں جہاں اتنے کم نرخوں پر سبزی دستیاب ہے موجودہ حکومت ڈیڑھ سال کے بعد ابھی تک عوام کو سابقہ حکومتوں کی کارکردگی سے متعلق کہانیاں سنا سنا کر مطمئن کر رہی ہے اب لوگوں میں قوت برداشت ختم ہو چکی ہے لوگ مہنگائی کے طوفان میں ڈوب گئے ہیں اب ان کی نظریں شریف خاندان کی طرف لگ گئی ہیں اب وہ یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ عمران نیازی اب کیوں بجلی کا بل نہیں جلاتا حالانکہ ہر ماہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن انتہائی زیرک سیاستدان ہیں انہوں نے دھرنے سے جو کچھ حاصل کیا وہ جلد سامنے آ جائے گا اور میں جانتا ہوں کہ انہوں نے کبھی بھی کمزور فیصلے نہیں کئے یقیناً وہ کوئی بڑی کامیابی حاصل کر کے ہی واپس گئے ہیں ۔