انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ڈی سی آفس اٹک میں اجلاس

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریونیو) اٹک چوہدری عبدالماجد نے اجلاس کی صدارت کی
اٹک :انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریونیو) اٹک چوہدری عبدالماجد نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈسٹرکٹ انٹمولجسٹ ثاقب حفیظ نے اجلاس کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی آر اٹک نے تمام اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ انسداد ڈینگی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ، سرکا ری اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کو چاہیے کہ وہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کےلیے اپنا بھر پور کر دار ادا کرے اور اس کے ساتھ اس مہم میں دیگر محکموں کی بھی بھرپور معاونت کرے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی جا نچنے کےلیے تیسری پارٹی کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ا ن کی کارکردگی کے متعلق اعلیٰ حکا م کو بھی رپورٹ ارسال کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ضلعی محکموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔
اے ڈی سی آرنے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سرکاری دفاتر میں ڈینگی سے بچائو کے متعلق ضابطہ ء اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں اور عوام میں شعور بھی بیدار کریں ۔ انہوں نے اس موقع پر ضلع اٹک کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکیں ۔
