تاریخی مقامات کاتحفظ قومی ذمہ داری ہے،ڈاکٹر ندیم شفیق

تاریخی اہمیت کی حامل یادگاروں اور آثار قدیمہ کی حالت زار کو مذید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ
حسن ابدال: وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈاکٹرندیم شفیق ملک نے کہا ہے کہ تاریخی مقامات کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔حکومت اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ تاریخی اہمیت کی حامل یادگاروں اور آثار قدیمہ کی حالت زار کو مذید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھوں کے مشہور گوردوارہ سری پنجہ صاحب کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل عبدالعظیم خان ۔اسسٹنٹ کمشنر ڈائیریکٹر محمود الحسن شاہ اور اسد اللہ خان بھی موجود تھے۔
وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈاکٹر ندیم شفیق ملک نے بعدازاں مغلیہ عہد کے تاریخی لالہ رخ مقبرہ کا بھی خصوصی دورہ کیا اور مقبرہ لالہ رخ۔مقبرہ حکیماں اور قدیمی شمسی تالاب کی خوبصورتی کی تعریف کی انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال کی جانب سے لالہ رخ کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور اسے سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ آثار قدیمہ کے اس تاریخی ورثہ کو پر کشش بنانے سے سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔ وفاقی محکمہ بھی تاریخی اہمیت کے حامل مقامات تاریخی عمارتوں پر کام کر رہا ہے۔
