پنڈی گھیب، گیس لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شہری سراپا احتجاج

مظاہر ین نے ٹائر جلاکر مین شاہراہ بلاک کر دی،کئی گھنٹے ٹریفک جام ، حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ
پنڈی گھیب: شہر میںگیس لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شہری سراپا احتجاج بن گئے، مظاہر ین نے ٹائر جلاکر مین شاہراہ بلاک کر دی، موسم سرما شروع ہوتے ہی پنڈی گھیب شہر کے مختلف محلوں میں سوئی گیس کے کم پریشر اور لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی عذاب میں مبتلا ہو کر رہ گئی ۔خواتین کھانا پکانے کیلئے گیس کی آمد کی منتظر رہنے لگیں۔ ملازمین اکثر اوقات بغیر ناشتہ دفاتر جانے اور ہوٹلوں پر کھانا کھانے پر مجبور ہیں جبکہ بچوں اور بزرگ افراد کو نہ صرف وقت پر کھانا میسرنہیں ہوتا بلکہ خون جما دینے والی سردی کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔
اس سنگین صورتحال کی وجہ سے تنگ آکر محلہ گلزار آباد کے مکین گزشتہ روز احتجاج کرتے ہوئے باہر سڑک پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر مین سڑک بلاک کر دی جس کی وجہ سے کئی گھنٹے ٹریفک جام رہا مظاہرین نے حکومت اور ارباب اختیار سے فوری طور پر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔
