پنڈی گھیب، ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری ،مسائل کے انبارلگ گئے

پنڈی گھیب، ڈپٹی کمشنر  کی کھلی کچہری ،مسائل کے انبارلگ گئے

 عوام نے محکمہ مال، پولیس، تعلیم، میونسپل کمیٹی، واپڈا اور سوئی نادرن گیس سمیت دیگر محکموں کے خلاف شکایات کا انبار لگا دیے

 پنڈی گھیب (اٹک نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی پنڈی گھیب میں کھلی کچہری کے دوران عوام نے محکمہ مال، پولیس، تعلیم، میونسپل کمیٹی، واپڈا اور سوئی نادرن گیس سمیت دیگر محکموں کے خلاف شکایات کا انبار لگا دیے جن کے حل کیلئے انہوں نے موقع پر احکامات صادر کیے اور پٹواریوں کو سختی سے ہدایات دیں کہ وہ شہر میں قائم اپنے دفاتر ختم کرکے فوری طور پر متعلقہ حلقوں میں دفاتر بنائیں وگرنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اس سلسلہ میں گزشتہ روز ریسٹ ہاوٗس پنڈی گھیب میں ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی صدارت میں ہفتہ وار پہلی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر حیدر عباس، ڈی ایس پی ملک تفسیر حسین، چیف آفیسر بلدیہ ملک فرحت علی خان اور عطاء المصطفیٰ جمیل سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی اس موقع پر علی عنان قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 

 اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق 36 اضلاع میں عوام کی شرکت سے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام شروع کردیا گیا ہے جس کے اہم مقاصد میں شہر کی خوبصورتی کیلئے کوڑا کرکٹ تلف کرنا، گلیوں نالیوں و نالوں کی صفائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، پارک اور چوک کی خوبصورتی اور سرکاری و نجی اداروں میں شجر کاری کے منصوبے شامل ہیں ۔جس کیلئے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو مذکورہ پروگرام کے موبائل ایپ میں رجسٹریشن کرانے کی دعوت دی گئی ہے بعد ازاں میونسپل کمیٹی میں مقامی صحافیوں سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ 30 سال قبل بنایا گیا انفراسٹرکچر اپنی مدت پوری کر چکا ہے جس کی بحالی میں وقت لگے گاصحافیوں کی طرف سے پنڈی گھیب شہر کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے نمائندہ افراد کی مشاورت سے مسائل کی ترجیحی بنیادوں پر فہرست مرتب کریں اور ایک ایک کرکے مسائل حل کرنے کا میکنزم بنائیں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی سے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے مل کر طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ فوری طور پر حل کریں علاوہ ازیں پنڈی گھیب شہر میں ٹریفک پولیس کے دفتر کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ان کیلئے ایک بلڈنگ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔