دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہونگی ، عثمان صدیقی
تحصیل حسن ابدال میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے قیام میں میاں محفوظ الہٰی اور ان کے خاندان کے کردار کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ،مقررین
حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز ویب)مشکل حالات کبھی بھی جذبوں کے سامنے دیوار نہیں بن سکتیں۔دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنے بچوںکوجدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی جو ان کا حق بنتا ہے۔تحصیل حسن ابدال میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے قیام میں میاں محفوظ الہٰی اور ان کے خاندان کے کردار کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے کروڑوں روپے کی زمین عطیہ کر کے یہاں کی نسلوں پر احسان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج حسن ابدال میں منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف صنعت کار میاں محفوظ الہٰی تھے جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائیریکٹر کالجز اٹک عثمان صدیقی ۔پرنسپل کالج ملک ناصر حنیف بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنے بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی ۔
آج تحقیق کا دور ہے جس میں ترقی کے زریعے ہی ہم دنیا میں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر کم وسائل کے باوجود وہ تعلیمی میدان میں خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسن ابدال میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کا قیام ایک خواب تھا جسے پورا کرنے کے لیے میاں محفوظ الہٰی اور ان کے خاندان نے جو کردار ادا کیا وہ کسی صورت فراموش نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی زمین کا عطیہ کرنے والے اس خاندان نے یہاں کی نسلوں پر جو احسان کیا اس پر نہ صرف اہل علاقہ بلکہ محکمہ تعلیم بھی ان کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی بلڈنگ کا کام مکمل نہ ہونے اور بجلی اور پانی جیسی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہاں کے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر سرکاری اداروں کو ایکشن لیتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنا چاہیے ۔انہوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مشکلات کے باوجود اس کالج کے طلباء کی جانب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنا خوصلہ افزاء ہے اور اگر ایسے بچوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں تو مذید کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
