چوہدری اشفاق احمد سٹی صدر اور تیمور خان جنرل سیکرٹری (ن) لیگ حسن ابدال منتخب 

چوہدری اشفاق احمد سٹی صدر اور تیمور خان جنرل سیکرٹری (ن) لیگ حسن ابدال منتخب 

میر نوید اختر کی رہائش گاہ پر اجلاس ،سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ضلعی صدر مسلم لیگ( ن) سلیم شہزاد کی خصوصی شرکت 

حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سٹی صدر چوہدری اشفاق احمد اور جنرل سیکرٹری تیمور خان کو منتخب کر لیا گیا۔میر نوید اختر پے اے ٹو سابق صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے اس اہم اجلاس میں مسلم لیگ(ن ) کے مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ضلعی صدر مسلم لیگ( ن) سلیم شہزاد نے بھی خصوصی شرکت کی جبکہ شہر بھر سے مسلم لیگ(ن) کے ورکروں کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں متفقہ طور پر سٹی صدر چوہدری اشفاق احمد جبکہ جنرل سیکرٹری تیمور خان کو منتخب کر لیا گیا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کو مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہر سازشوں کے باوجود اپنے قائد میاں نواز شریف سے عشق کی حد تک محبت کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کو مشکل حالات سے صرف میاں نواز شریف کی قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان معاشی طور پر بدحالی کا شکار ہو چکا ہے اور ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کا طوفان حکمرانو ںکے کنٹرول سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

 

 جس سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن سی پیک جیسے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں مگر ہمارے نااہل حکمران سکھ کی بانسری بجاتے ہوئے صرف گھبرانا نہیں کی راگ آلاپ رہے ہیں۔عمران خان کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور آج ان کے اتحادی بھی کھل کر ان کی ناکامی کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں۔ شیخ آفتاب احمد نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے سب مل کر کام کریں گے اور عوام کی خدمت کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کو مقبول جماعت بنانے کے لیے تمام توانائیاں صرف کریں گے۔