تبدیلی جھوٹ ،ہر طرف مہنگائی کا طوفان برپا ہے،شیخ آفتاب احمد
ہر شخص شریف برادران کو ہی اس ملک و قوم کے روشن مستقبل کا ضامن قرار دے رہا ہے،سابق وفاقی وزیر
اٹک(ڈیلی اٹک نیوز )سابق وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ الیکشن سے قبل اور فوری بعد جس تبدیلی کا شور مچا ہوا تھا آج ہر شخص خواہ وہ کاروباری طبقے سے تعلق رکھتا ہو، سرکاری ملازم ہو یا روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والا مزدور ہو سب اس تبدیلی کے جھوٹے دعوے داروں کو ملامت کر رہے ہیں۔ ہر شخص پریشان حال ہے اور اس منفی تبدیلی کے ہاتھوں رو رہا ہے ایسے میں جب عمران نیازی نے انجکشن لگنے سے حورویں نظر آنے کا ذکر کیا تو ہر طرف ایک ہی مطالبہ سنائی دے رہا کہ ہمیں بھی ایسا ہی کوئی ٹیکا لگایا جائے جس سے تبدیلی کے منفی کے بجائے مثبت اثرات نظر آنے لگیں کیونکہ اس کی وجہ سے آج کئی سفید پوش سڑکوں پر آ گئے ہیں غریب عوام کو خوابوں میں بھی بجلی اور گیس کے بل ہی نظر آ رہے ہیں۔ سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے باوجود ہزاروں روپے بل بھیجے جا رہے ہیں لوگ چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ ہم نے تو لکڑیاں اور سلنڈر جلا کر اپنی ضرورت پوری کی ہے پھر یہ ہزاروں روپے بل کس مد میں بھیجے گئے ہیں۔ ایک طرف وزیراعظم مہنگائی کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہیں دوسری طرف بجلی، گیس، گھی، آٹا، چینی، پیٹرول روزمرہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ کر کے اپنے ہی بیان کی نفی کر رہے ہیں۔
مہنگائی کی اصل وجہ تو خود حکمرانوں کی اپنی پالیسیاں ہیں جس کی بدولت ملک میں مہنگائی کا ایسا طوفان آیا ہے جو تھم ہی نہیں رہا۔ اربوں ڈالر ٹیکس وصول کرنے کے دعوے دار اپنے مطلوبہ ہدف سے بھی کئی گنا کم ٹیکس وصول کر سکے ہیں حالانکہ ملک بھر میں ہر شخص ماچس کی ڈبیا سے لے کر ہر بڑی سے بڑی چیز کی خریداری پر ٹیکس ادا کرتا ہے۔ اصل وجہ لوگوں کی قوت خرید ختم ہونے سے سامنے آئی ہے جب لوگوں کی آمدن ان کے وسائل سے کم ہو گئی تو کاروباری سرگرمیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ ایسے میں ملکی معیشت کمزور ہوتی ہے جس کو مضبوط بنانے کے لئے خریدار کو سہولتیں مہیا کریں۔ آج جس کے گھر میں فاقے ہوں وہ اپنی اشد ضرورت کے علاوہ کوئی چیز کہاں سے خریدے گا۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ملک میں گندم بحران پیدا ہوا جس کی وجہ سے آٹا کی قیمت میں کئی گنا اضافے سے لوگوں پر مزید بوجھ پڑ گیا۔ ایسے حالات میں اب قوم کی امیدوں کا محور و مرکز نواز شریف اور شہباز شریف ہی ہیں ہر شخص شریف برادران کو ہی اس ملک و قوم کے روشن مستقبل کا ضامن قرار دے رہا ہے اور ان کے اقتدار میں آنے سے ہی اصل اور مثبت تبدیلی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
