کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان کا بچہ بچہ کھڑا ہے،عدنان انجم راجہ
کشمیر ہماری شہ رگ ! بھارت ہوش کے ناخن لے ورنہ وہ اپنا وجود بھی کھو بیٹھے گا، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال و دیگر کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی سے خطاب
حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز)کشمیر ہماری شہ رگ ! بھارت ہوش کے ناخن لے ورنہ وہ اپنا وجود بھی کھو بیٹھے گا۔کشمیری بھائیوں کے ساتھ اس ملک کا بچہ بچہ کھڑا ہے۔عالمی دنیا اپنی آنکھیں کھولے اور بھارت کو ظالمانہ کاروائیوں سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار یوم کشمیر کے موقع پر حسن ابدا ل میں منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ ایم سی حسن ابدال سے نکالی جانی والی ریلی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر عدنان انجم راجہ نے کی جن کے ہمراہ صدر مرکزی انجمن تاجراں چوہدری جمشید اختر۔پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر خرم حیات۔صالح محمد۔مزدور رہنماء اشفاق احمد سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب تحصیل حسن ابدال پہنچی جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس کی آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ظالمانہ کاروائیوں پر عالمی دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو ان کی دوغلی پالیسیوں کی عکاسی کرتی ہے۔ آج انسانیت کے علم برداروں نے کشمیری مسلمانوں کو بے آسرا چھوڑ دیا ہے مگر پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔دوسری تقریب میں انجمن فلاح و بہبود کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی گئی جس کا آغاز مسجد چلہ والی سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب تحصیل حسن ابدال پہنچی جہاں مقررین نے خطاب کیا۔ ریلی کی قیادت سید نزاکت حسین شاہ صدر انجمن فلاح و بہبود ۔مولانا مشتاق حسین چشتی نے کی جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ سجاد حیدر اعوان صدر بار ایسو سی ایشن حسن ابدال۔پیپلز پارٹی رہنماء سردار ذوالفقار حیات خان ۔سابقہ اقلیتی کونسلر طارق جان ۔چئیرمین مسیح برادری سلامت مسیح ۔پال گل۔مزدور رہنماء منیر حسین بٹ سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مقررین نے کہا کہ 73سال سے کشمیر آگ میں جل رہا ہے لیکن اقوام متحدہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔کشمیر میں نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور خواتین کی بڑی پیمانے پر عصمت دری کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود عالمی دنیا کا ضمیر مر چکا ہے اور وہ اس پر آواز بلند نہیں کر رہے۔کشمیری مسلمان اب مزید ظلم کو برداشت نہیں کریں گے اور اپنی آزادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ریلی کے شرکاء نے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں تحریریں درج تھیں۔
