حکمران اپنی ہر ناکامی کا ذمہ دار سابقہ حکومتوں کو قرار دیتے ہیں،شیخ آفتاب احمد

اٹک(ڈیلی اٹک نیوز)سابق وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکمران اپنی ہر ناکامی کا ذمہ دار سابقہ حکومتوں کو قرار دیتے ہیں۔
ملکی ترقی طاقت سے روکی گئی،بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنا کر ملک میں انارکی پھیلائی، اگر واقعی سابق حکومتیں ہی ان مسائل کی ذمہ دار تھیں جن کا آج پاکستان شکار ہو چکا ہے تو پھر ان کے ادوار میں بھی یہ بحران پیدا ہونے چاہیے تھے مہنگائی کا طوفان کنٹرول ہونے کے بجائے تب بھی شتر بے مہار کی طرح پورے ملک میں تباہی مچاتا لوگ فاقوں کے ہاتھوں خودکشیاں کر رہے ہوتے،موجودہ حکمران اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ماضی کی حکومت پر سارا ملبہ ڈال رہے ہیں ،فاقوں پر مجبور لوگ خودکشیاں کررہے ہیں۔ ایف بی آر شاٹ فال کی افسوسناک خبریں دیتا،عالمی سروے رپورٹس میں کرپشن عروج پر بتائی جاتی،مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہوتا لیکن یہ سب تب نہیں ہوا اس لئے کہ اس وقت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا تھا لوگوں کو خوشحالی کی نوید سنائی دے رہی تھی بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء مناسب قیمتوں میں بآسانی دستیاب تھیں۔ پھر اچانک تبدیلی کا نعرہ بلند ہوا اور باقاعدہ سازشی مہم شروع کی گئی جس میں شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں کرپٹ ثابت کرنے کے لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ۔
جس میں سے کسی ایک کو بھی آج تک ثابت نہیں کیا جا سکا۔جو خاندان قیام پاکستان کے وقت فیکٹریوں کا مالک تھا ان پر کرپشن کے جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے جس کے نتیجے میں ترقی کے سفر پر گامزن ملک اپنی اصل منزل سے دور ہوتا چلا گیا اور آج پورے ملک ہر طرف مہنگائی مہنگائی کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ ہر شخص فریاد کر کے مہنگائی کا رونا رو رہا ہے۔ اور اب تو سنجیدہ حلقے بھی یہ بات کہنا شروع ہو گئے ہیں کہ اس وقت ملک جس دلدل میں پھنس گیا ہے اس میں سے نکالنا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس وقت ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے صرف غیر جانبدار الیکشن ہی واحد حل ہے جس میں عوامی رائے کا مکمل احترام ہو اور شفاف انتخابات کے بعد نومنتخب لوگوں کو اقتدار سونپ دیا جائے تاکہ وہ ملک کو اس سنگینی سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
