دنیا میں انقلاب نبی ؐکے دیوانے ہی لائیں گے،عنایت الحق شاہ
حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز)دنیا میں انقلاب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دیوانے لائیں گے۔اسلام پرامن دین ہے مگر عالم کفر پروپیگنڈہ کے ذریعے ہمیں دہشت گرد قرار دے رہا ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں۔تحریک لبیک پاکستان کی تنظیم نو اس جماعت کو متحرک کرنے میں سود مند ثابت ہو گی۔ان خیالات کا اظہار تحریک لبیک پاکستان تحصیل حسن ابدال کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی تحریک لبیک پاکستان شمالی پنجاب کے امیر علامہ پیر سید عنایت الحق شاہ سلطانپوری تھے جبکہ اس موقع پر ضلع اٹک کے امیر علامہ مخدوم ذوالفقار حیدری اور علامہ قاری عبد الرحمن ودیگر سمیت علاقے بھر سے علمائے کرام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب میں نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان اس ملک کو حقیقی اسلامی مملکت بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے
جہاں اسلامی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام میں اہمیت کا حامل ملک یے اور پوری دنیا کے مسلمان مشکل گھڑی میں اس کی جانب دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہمیں جان و مال سے بڑھ کر عزیز ہے اور ہم کسی کو آزادی رائے کی آڑ میں ایسی کسی حرکت کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کی تنظیم نو کا مقصد جماعت کو مزید منظم بنایا اور متحرک کرنا ہے۔علمائے کرام اور نوجوانوں کے باہمی اشتراک سے ایک ایسی قوم سامنے آئے گی جو جماعت کے بنیادی مقاصد کے حصول کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہو گی۔تقریب میں علامہ قاری سجاد رضوی صاحب۔علامہ منور حیات چشتی صاحب۔ ایڈووکیٹ سجاد حیدر صاحب۔چوہدری جمشید صاحب صدر سیرتِ کمیٹی حسنِ ابدال نے بھی خصوصی شرکت کرتے ہوئے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد پیش کی۔
